حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،بانڈی پورہ جموں و کشمیر کے ملپورہ نوگام سوناواری علاقے میں امام بارگاہ ام المصائب میں دارالقرآن ام المصائب کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں علمائے کرام، قاریان کرام، معزز شخصیات اور عاشقانِ قرآن کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس بابرکت محفل کا آغاز قاری اعجاز حسین صوفی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس نے حاضرین کے قلوب کو نورِ قرآن سے منور کر دیا۔
اس موقع پر مقررین نے قرآن کی تعلیمات عام کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے دارالقرآن کے قیام کو علاقہ کے لیے ایک اہم علمی اور روحانی پیشرفت قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ مرکز نئی نسل کو قرآن کی روشنی میں زندگی گزارنے کے عملی اصول سکھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
دارالقرآن میں مختلف قرآنی سرگرمیوں کا آغاز کیا جا رہا ہے، جن میں روخوانی روانخوانی، حفظِ قرآن، تجوید، مفاہیمِ قرآن، نہج البلاغہ اور صحیفہ سجادیہ کی تدریس شامل ہے۔ مقررین نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو قرآنی تعلیمات سے آراستہ کرنے کے لیے اس سنہری موقع سے بھرپور استفادہ کریں۔
تقریب کے اختتام پر امام بارگاہ کی انتظامیہ کمیٹی، مجلس عاملہ اور مجلس نظارت کے اراکین نے اس بابرکت منصوبے کی کامیابی کے لیے بھرپور عزم کا اظہار کیا۔ مجلس نظارت کے سربراہ جناب آغا سید اشرف علی نے دارالقرآن کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی اور حاضرین سے تعاون کی اپیل کی۔
یہ مرکزِ علم و نور نئی نسل کے لیے قرآنی فکر و شعور کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہوگا، اور امید ہے کہ اس کی روشنی امت کو رہنمائی فراہم کرتی رہے گی۔